” میر ظفراللہ جمالی نے تنہائی میں امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کی اور پھر ۔۔۔ ” شیخ رشید کا اپنی کتاب میں تہلکہ خیز انکشاف
راولپنڈی (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے 50 سالہ سیاسی سفر پر ایک کتاب ” لال حویلی سے اقوام متحدہ تک ۔ فرزند پاکستان شیخ رشید کی سیاست کے پچاس برس” لکھی ہے جس میں انہوں نے کئی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔شیخ رشید نے اپنی کتاب میں بتایا ہے
کہ میر ظفراللہ خان جمالی نے بطور وزیر اعظم امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ سے تنہائی میں ملاقات کی جس کی وجہ سے انہیں وزارت عظمیٰ سے ہاتھ دھونا پڑے۔شیخ رشید نے اپنی آپ بیتی میں لکھا ” میرظفراللہ جمالی وزیراعظم کے طور پر امریکہ گئے، وزیرخارجہ خورشید قصوری ہمراہ تھے، میں بھی ساتھ تھا۔ امریکی وزیردفاع رمز فیلڈ سے ملاقات کرنے لگے تو جمالی نے مجھے کہا کہ شیخ رشید میں نے اکیلے بات کرنی ہے، یہی بات جمالی نے خورشید قصوری سے کہی۔ تیس چالیس منٹ جمالی کی رمز فیلڈ سے ون ٹوون ملاقات ہوئی ، ہم باہر بیٹھے رہے، اتنے میں جنرل احسان کا فون آیا کہ شیخ رشید آپ کہاں ہیں؟ میں نے بتایا کہ جمالی صاحب میٹنگ میں ہیں، میں باہر بیٹھا ان کا انتظار کررہا ہوں۔ انہوں نے پوچھا اندر میٹنگ میں کون ہے؟ وزیر خارجہ یا سیکریٹری خارجہ؟ میں نے کہا کہ کوئی نہیں حالانکہ سفیر نے اشارہ کیا تھا کہ اگر وزیرخارجہ بھی ساتھ ہوں تو بہتر ہے، لیکن جمالی صاحب نے ون ٹوون ملاقات کو ترجیح دی۔ جنرل احسان نے کہا بہت اچھے۔دو تین منٹ بعد جنرل پرویز مشرف کا فون آگیا، انہوں نے پوچھا جمالی صاحب کدھر ہیں؟ میں نے کہا وہ رمزفیلڈ کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں، مشرف نے پوچھااورکون ہے؟ میں نے کہا کہ کوئی نہیں، خورشید قصوری اور سفیر دونوں میرے ساتھ باہر کھڑے ہیں۔ جنرل مشرف نے کہا اوکے۔ ایک دم میں کھٹکا اور سمجھ گیا کہ اب حالات خراب ہورہے ہیں۔ میں نیچے اترا، ہوٹل سے باہر آیا، گرم جیکٹوں کی سیل لگی تھی، میں نے جمالی صاحب کے سائز کی جیکٹ خریدی اورواپسی پر انہیں تحفہ میں پیش کی، وہ کہنے لگے شیخ صاحب اتنا بڑا دل کیسے کرلیا؟ میں نے کہا کہ میں حالات اچھے نہیں دیکھ رہا، اس لیے میں نے آپ کو الوداعی تحفہ یہیں سے لے کر دے دیا ہے، وہ ہنسے اور بولے کیا مسئلہ ہے؟ میں نے کہا کہ آپ کو اس ملاقات میں کم از کم وزیر خارجہ کو بٹھانا چاہیے تھا۔ میرے خیال میں وہی ملاقات جمالی صاحب کے اقتدار کا اختتام بنی اور یہ فیصلہ کر لیا گیا کہ جمالی صاحب کو واپسی پر پر ہٹادیا جائے گا۔”
The post ” میر ظفراللہ جمالی نے تنہائی میں امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کی اور پھر ۔۔۔ ” شیخ رشید کا اپنی کتاب میں تہلکہ خیز انکشاف appeared first on Markhor TV.
from Markhor TV https://ift.tt/3gGqpyf
No comments